محرم الحرام 2026: لورالائی میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے لیے تیاریاں تیز، جامع پلان کا جائزہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) محرم الحرام 2026 کے پرامن انعقاد اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی پولیس لورالائی نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف اداروں اور مکاتب فکر کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایکسین واپڈا لورالائی، علماء کرام، ہزارہ برادری کے نمائندگان، انجمن تاجران کے ضلعی عہدیداران، میونسپل کمیٹی کے حکام، پولیس افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، رضاکاروں کے کردار، حساس مقامات کی نگرانی اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی لورالائی ڈاکٹر فہد احمد نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور مذہبی رسومات کا پرامن انعقاد ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔
انہوں نے علماء کرام، ہزارہ برادری، تاجروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مذہبی رواداری، بھائی چارے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں معاشرے کے تمام طبقات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں اور افواہوں سے گریز کریں۔
اجلاس میں محرم الحرام کے لیے تیار کیے گئے جامع سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت حساس مقامات پر اضافی نفری کی تعیناتی، جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات شامل ہیں۔
شرکاء نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی ڈاکٹر فہد احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی رسومات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی جلوسوں کے روٹس پر صفائی، روشنی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے خصوصی اقدامات کریں گے، جبکہ ہنگامی طبی امداد اور ریسکیو سروسز کو بھی الرٹ رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert