پارٹی ڈسپلن اور عوامی رابطہ مہم پر زور، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے تنظیمی ڈھانچہ بحال کردیا
کوئٹہ میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ، تحلیل شدہ ضلعی و تحصیلی کابینوں کی بحالی کا اعلان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین محترم مشر محمو دخان اچکزئی کے زیر صدارت پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے تنظیمی امور پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ اجلاس میں ضلع کمیٹی کے اراکین نے پارٹی ڈسپلن کی پابندی،تنظیمی امور کو مزید بہتر کرنے اور کوئٹہ شہر میں عوامی رابطہ مہم پر اتفاق کیا گیا۔ پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے تحلیل شدہ ضلع کوئٹہ کی ضلعی پارٹی کابینہ، ضلعی کمیٹی، نیز کوئٹہ کی چاروں تحصیلوں کی تحصیل کابینہ، تحصیل کمیٹیوں اور ان کے علاقائی پارٹی یونٹوں کی کابینہ کو بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ضلع میں اپنی سیاسی وتنظیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
