کوئٹہ تفتان شاہراہ : سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان شدید جھڑپ مسلح افراد کی ناکہ بندی، فورسز کی جوابی کارروائی کے بعد سرچ آپریشن

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ،تفتان قومی شاہراہ پر مل کے مقام پر مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ شاہراہ پر سفر کرنے والے مسافروں میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ذرائع اور موقع پر موجود مسافروں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر مبینہ طور پر ناکہ لگا رکھا تھا۔ اسی دوران فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار وہاں پہنچ گئے جس کے بعد دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا، جس کے باعث شاہراہ پر موجود گاڑیوں اور مسافروں نے محفوظ مقامات پر پناہ لی اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی کے بعد مسلح افراد قومی شاہراہ سے پسپا ہو گئے اور نزدیکی پہاڑی و دشوار گزار علاقوں کی جانب فرار ہو گئے، جہاں ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاحال اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور نہ ہی متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں گشت اور نگرانی کے عمل کو مزید سخت کر دیا ہے۔
