شہریوں کی صحت سے کھلواڑ پر بی ایف اے کا کریک ڈاؤن: زہریلے رنگ، ملاوٹ شدہ دودھ اور ناقص صفائی پر درجنوں مراکز کو جرمانے

کوئٹہ سے حب اور لورالائی تک غیر معیاری خوراک کا دھندہ: ایک واٹر پلانٹ سیل، 33 کاروباروں کو بھاری جرمانے عائد


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وژن کے مطابق عوام کو محفوظ اور صحت بخش اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں کی صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ کوئٹہ سمیت حب، لورالائی اور اوستہ محمد میں ریسٹورنٹس، بیکنگ یونٹس، بیکریز، فاسٹ فوڈ پوائنٹس، جنرل اسٹورز، واٹر پلانٹس، ڈیری فارمز اور آئس فیکٹریوں کے معائنے کے دوران مجموعی طور پر ایک واٹر پلانٹ سیل، 33 فوڈ کاروباروں کو جرمانے جبکہ 18 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ کے مختلف علاقوں سریاب روڈ، بھوسہ منڈی، ڈبل روڈ، ایئرپورٹ روڈ، جی او آر کالونی، کلی شابو، مشن روڈ، طوغی روڈ، شاوکشاہ روڈ، فقیر محمد روڈ، گوردت سنگھ روڈ، مسجد روڈ، اسپنی روڈ، جبل نور اور گردونواح میں قائم خوراک کے مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک واٹر پلانٹ کو پراڈکٹ رجسٹریشن نہ ہونے جبکہ مختلف برانڈز کے لیبل استعمال کرنے اور ضابطہ کار کی سنگین خلاف ورزیوں پر سیل کر دیا گیا جبکہ متعدد ریسٹورنٹس، بیکنگ یونٹس، پیزا پوائنٹس، واٹر پلانٹس، نمکو یونٹس، آئس کریم شاپس، بیکریز، نان شاپس اور دیگر مراکز کو جرمانے عائد کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران زائد المیعاد اشیائ، خراب گوشت، ممنوعہ چائنیز نمک، مضر صحت رنگوں کا استعمال، آلودہ اور غیر صحت بخش پانی سے برف کی تیاری، ناقص صفائی، کھلے کوڑے دان، حشرات کی موجودگی، زنگ آلود ریفریجریٹرز و کنٹینرز، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی، غیر رجسٹرڈ مصنوعات اور اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخوں کے اندراج نہ ہونے جیسے سنگین نقائص سامنے آئے۔ مزید برآں دودھ اور دہی کے معیار کی جانچ کیلئے مختلف دکانوں سے حاصل کردہ نمونوں کے ٹیسٹ کے دوران دو دکانوں کے ملک سیمپلز میں پانی اور خشک دودھ پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر مالکان کو جرمانہ کیا گیاجبکہ مختلف فوڈ پراڈکٹس کے سیمپلز لیبارٹری تجزیے کیلئے بھی حاصل کیے گئے۔حب شہر میں بی ایف اے انسپیکشن ٹیم نے مختلف جنرل اسٹورز اور ریسٹورنٹس کی چیکنگ کے دوران ایکسپائرڈ اشیاء ، ممنوعہ گٹکا، ناقص ذخیرہ کاری، مضر صحت رنگوں کی ملاوٹ، ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال اور زائد المیعاد خوراک کی موجودگی پر متعدد کاروباروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کیے۔دوسری جانب لورالائی میں ڈیری فارمز کے معائنے کے دوران دودھ میں اسکمنڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ، آکسیٹوسن انجیکشن کی موجودگی، ناقص صفائی اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر چار ڈیری فارمز کو جرمانے جبکہ معمولی نقائص پر متعدد فارمز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔اسی طرح اوستہ محمد میں جناح روڈ، ڈیرہ اللہ یار روڈ اور محراب پور روڈ پر قائم مختلف کریانہ و جنرل اسٹورز کے معائنے کے دوران فوڈ بزنس لائسنس کے بغیر کاروبار کرنے والے متعدد مراکز مالکان کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے جبکہ چند مراکز کو معمولی نقائص دور کرنے کیلئے اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ عوام کی بہتر صحت کیلئے محفوظ خوراک کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے خوراک کے کاروبار سے منسلک ورکرز خصوصاً مراکز مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے قوانین، صفائی و حفظانِ صحت کے اصولوں اور فوڈ سیفٹی معیارات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

WhatsApp
Get Alert