قانون ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے اور کوئی نہیں، چیف جسٹس

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے، قانون ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے اور کوئی ہتھیار نہیں ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ عدالت اور وکیل کا کام ایک ہی ہوتا ہے، دونوں قانون کو ہر چیز سے بالاتر سمجھتے ہیں۔جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ میں دوسری طرف بیٹھتا ہوں، بنیادی طور پر میں بھی ایک وکیل ہوں، میری واپسی بھی آپ لوگوں کے ساتھ ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وکلا کے مسائل سے آگاہ ہیں، اتنے سارے وکیلوں کو دیکھ کر میرا دل خوش ہو رہا ہے، آپ کے کچھ مسائل ہیں، ان کی کیا نوعیت ہے، اس کا علم نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کافی سارے معاملات تو نمٹ چکے ہیں، اگر میں کوئی قدم اٹھانے کی پوزیشن میں ہوا تو ضرور لوں گا۔وکیل کا کام مقدمے کی پیروی کرنا اور جج کا کام مقدمے کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے، دونوں آئین اور عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔