فیفا ورلڈکپ : انگلینڈ نے کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ نے کروشیا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
ڈلاس اسٹیڈیم میں ہیری کین کے شاندار 2 گول کی بدولت انگلینڈ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرتے ہوئے گروپ L کے افتتاحی میچ میں کروشیا کو 2-4 سے ہرا دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے کپتان ہیری کین نے 2، جوڈ بیلنگھم اور ریشفورڈ نے گول کیے جبکہ کروشیا کے گول مارٹن اور پیٹر موسیٰ نے اسکور کیے۔
انگلینڈ نے ابتدا سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم کروشیا نے ہر بار انگلینڈ کی برتری کا جواب دے کر مقابلہ برابر رکھنے کی کوشش کی۔
ہیری کین نے انگلینڈ کے لیے پہلے 2 گول اسکور کیے، لیکن ہر بار برتری لینے کے بعد کروشیا نے واپسی کی۔ کروشیا کی جانب سے مارٹن باتورینا اور پیٹر موسیٰ نے گول کر کے پہلے ہاف کو 2-2 سے برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف میں 47ویں منٹ میں جوڈ بیلنگھم نے گول کر کے انگلینڈ کو 3-2 سے آگے کر دیا۔ جبکہ 85ویں منٹ میں متبادل کھلاڑیوں کے بہترین کمبی نیشن کے بعد مارکس ریشفورڈ نے چوتھا گول اسکور کر کے فتح یقینی بنا دی۔
انگلینڈ اب اپنا اگلا میچ گھانا کے خلاف بوسٹن میں کھیلے گا، جبکہ کروشیا پاناما اور گھانا کے خلاف اپنے اگلے گروپ میچز کھیلے گا۔
