کرنسی مارکیٹ بدل گئی، ریال کی قدر میں تیزی سے اضافہ ، ڈالر کی قیمت نیچے آگئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کرنسی مارکیٹ میں بڑی ہلچل، ریال کی قدر میں تیزی سے اضافہ، ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی
امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور امن معاہدے سے متعلق پیش رفت کے بعد کرنسی مارکیٹ میں غیر معمولی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں ایرانی ریال کی قدر میں نمایاں اضافہ جبکہ امریکی ڈالر کی قیمت میں تیزی سے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششوں کے بعد مالیاتی منڈیوں میں اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا اور کرنسی مارکیٹ میں بہتری کے آثار ظاہر ہوئے۔
اوپن مارکیٹ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایرانی ریال کی قدر میں 15 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی زرِمبادلہ کی شرح پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ “پشیزی ڈاٹ کام” کے مطابق امریکی ڈالر کی قیمت گزشتہ ہفتے تقریباً 18 لاکھ 10 ہزار ریال تھی، جو کمی کے بعد 15 لاکھ 20 ہزار ریال تک آگئی۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی مالیاتی منڈی میں ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ ایرانی کرنسی طویل عرصے سے جنگی صورتحال، بلند افراطِ زر اور بین الاقوامی پابندیوں کے باعث شدید دباؤ کا شکار رہی ہے۔
یاد رہے کہ مارچ میں امریکی اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے بعد ڈالر کی قیمت ریکارڈ سطح 19 لاکھ 30 ہزار ریال تک پہنچ گئی تھی، جس کے باعث ایرانی کرنسی میں تاریخی گراوٹ دیکھنے میں آئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت برقرار رہی تو نہ صرف کرنسی مارکیٹ میں استحکام آئے گا بلکہ خطے کی مجموعی معاشی صورتحال میں بھی بہتری کا امکان ہے۔
