وزیر اعلیٰ پختونخوا کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست سننے والا اسلام آباد ہائیکورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا

پشاور(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست سننے والا اسلام آباد ہائی کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے بانی پی ٹی آئی سے خیبرپختونخوا کے بجٹ پر مشاورت کیلئے وزیراعلیٰ کے پی سُہیل آفریدی اور مشیرِ خزانہ مزمل اسلم کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کے ساتھ سماعت کی۔
رجسٹرار آفس نے رپورٹ پیش کی کہ جیل ملاقاتوں اور اس نوعیت کی درخواستوں پر سماعت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجر بینچ بنا ہوا ہے۔
علی بخاری ایڈوکیٹ نے کہا کہ بجٹ پر مشاورت کیلئے ملاقات کی یہ پہلی درخواست ہے۔ اس سے قبل جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں کا مکمل ریکارڈ بھی لگایا ہے۔
عدالت نے تحریری آرڈر میں لکھا رجسٹرار ہائیکورٹ نے رپورٹ جمع کرائی ہے کہ اسی طرح کے اور بھی کیسز لارجر بینچ میں زیر التوا ہیں لہٰذا مناسب حکم کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بجٹ پر مشاورت کے لیے سہیل آفریدی اور مزمل اسلم نے بانی سے ملاقات کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔
دوسری جانب ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت پر سماعت ہوئی جس میں عدالت نے اپیل تین ہفتوں میں مقرر کرنے کی ہدایت کر دی ۔
