ورنن فلینڈر اور پی سی بی کے مابین کنسلٹنسی کے کام کے لیے بات چیت

لاہور (قدرت روزنامہ) جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بائولر ورنن فلینڈر کی خدمات حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء سے قبل حاصل کی تھیں ۔ فلینڈر نے میتھیو ہیڈن کے ساتھ باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر قومی ٹیم کو جوائن کیا تھا جو پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے طور پر شامل ہوئے۔
گرین شرٹس نے مذکورہ جوڑی کی نگرانی میں اہم اور متاثر کن نتائج پیدا کیے ہیں۔ فلینڈر کنسلٹنسی کے کام کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابطے میں ہیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ورنن فلینڈر نے تصدیق کی کہ دونوں فریق ایک ایسے طریقے کو حتمی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جو دونوں فریقوں کے لیے کارآمد ہو۔ فلینڈر کا کہنا تھا کہ اس وقت بہت کچھ ہو رہا ہے، جس میں پاکستان کے ساتھ مشاورتی کام کے بارے میں بات چیت بھی شامل ہے۔

ہم ایک ایسا طریقہ طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو دونوں فریقوں کے لیے کارآمد ہو کیونکہ اس وقت سفر کرنا اور الگ تھلگ رہنا اور ہوٹل میں بائیو ببل زندگی کے ساتھ رہنا آسان نہیں، مجھے نہیں لگتا کہ یہ طویل مدت میں پائیدار ہے، مجھے اپنی دیکھ بھال کرنے کی ضرورت ہے بالخصوص تب جب میری فیملی ابھی نوجوان ہے ،اس لیے مجھے آپشنز پر غور کرنے اور اپنے وقت کا صحیح طریقے سے انتظام کرنے کی ضرورت ہے۔