تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں ایک ایک روپے کا حساب دیا، وفاقی وزیرفواد چودھری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ایک ایک روپے کا حساب الیکشن کمیشن میں دیا، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ انتخابات سے پہلے کی ہے، 18اکاونٹس میں 8 اکاونٹس ایسے ہیں جن میں فنڈز آرہے ہیں، دنیا بھر سے شوکت خانم کو فنڈنگ ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ الیکشن کمیشن تمام پارٹیوں کی فنڈنگ کو لوگوں کے سامنے رکھے، تحریک انصاف کا فنڈنگ کا بہت تفصیلی ریکارڈ موجود ہے، نوازشریف نے پارٹی فنڈنگ کا اکاونٹ استعمال کیا، دنیا بھر سے تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کو فنڈ کرتے ہیں، لوگ پیسوں سے متعلق وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں، شوکت خانم اسپتال میں 70 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے، عمران خان کے نام پر دنیا بھر سے شوکت خانم کو فنڈنگ ہوتی ہے، پی ٹی آئی میں اکاونٹس کا بہت تفصیلی سسٹم موجود ہے، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ الیکشن سے پہلے کی رپورٹ ہے، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ مسلم لیگ ن حکومت دور کی رپورٹ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا کہ 26 میں سے 8 اکاونٹ ایسے ہیں جن میں ٹرانزیکشن نہیں ہوئی، 18 اکاونٹس میں 8اکاونٹس ایسے ہیں جن میں فنڈز آرہے ہیں، 10اکاونٹس تحریک انصاف کے نہیں ہیں، تمام باتیں الیکشن کمیشن کے سامنے آجائیں گی،تحریک انصاف نے ایک ،ایک روپے کا حساب الیکشن کمیشن میں دیا، عمران خان نے سپریم کورٹ میں بھی ایک ایک روپے کا حساب دیا۔ انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اورن لیگ کے اکاونٹس کی ساتھ ہی اسکروٹنی ہونی چاہیے، تینوں جماعتوں کے اکاونٹس ایک ہی دن عوام کے ساتھ رکھے جائیں۔