حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح میں رد و بدل کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح میں رد و بدل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی شرح میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ پٹرولیم مصنوعات پرعائد سیلز ٹیکس کی شرح میں ردوبدل کے حوالے ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول پر 4.77 فیصد ،ہائی اسپیڈ ڈیزل پر9.08 فیصد، مٹی کے تیل پر سیلز ٹیکس کی شرح 8.30 فیصد جبکہ لائٹ ڈیزل پر سیلز ٹیکس 2.70 فیصد شرح مقرر کردی گئی۔ یہاں واضح رہے کے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث حکومت نے نومبر 2021 میں پٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح صفر کر دی تھی۔ جبکہ یاد رہے کہ یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا چکا۔

31 دسمبر کو وزارت خزانہ نے یکم جنوری 2022 سے تمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق فی لیٹر پٹرول 4 روپے اضافے سے 144 روپے 82 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی 4 روپے اضافے سے 141.62 روپے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 15 پیسے اضافے سے 111 روپے 21 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 3 روپے 95 پیسے اضافے سے 113 روپے 49 پیسے کر دیا گیا۔ قیمتیں 15 جنوری کیلئے طے کی گئیں۔