طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، کئی شہروں میں سیلابی صورتحال

گوادر (قدرت روزنامہ) طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، کئی شہروں میں سیلابی صورتحال بلوچستان کے کئی شہروں میں سیلابی ریلوں کے باعث کئی گھر تباہ، ساحلی شہر گوادر میں ایمرجنسی نافذ . تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقے مغربی ہواوں کے سلسلے کی زد میں آنے کے بعد طوفانی بارشوں کا سامنا کر رہے ہیں .

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برف باری اور موسلا دھار بارشوں سے پارہ نقطہ انجماد تک گر گیا اور صوبے کو سردی کی شدید لہر نے اپنی لپیٹ میں لے لیا .
بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے . ضلع کیچ کے علاقے مند میں سیلابی ریلے کے باعث بند ٹوٹ جانے سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا، طوفانی بارشوں کے سبب تربت اور مند کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے جبکہ گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی گھروں میں پانی داخل ہوگیا اور کئی کچے مکانات منہدم ہو گئے .

طوفانی بارش سے مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے . اس تمام صورتحال میں ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر شہر میں ایمرجنسی فافذ کردی گئی ہے، بارشوں کے باعث شہر میں متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے . بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریسکو کیا جارہا ہے، متعدد مقامات پر فلڈ ریسکو آپریشن جاری ہے، ریسکو آپریشن میں پاکستان آرمی ، پاک نیوی ، پاکستان کوسٹ گارڈ ، اور لیویز فورس کے اہلکار حصہ لے رہے ہیں، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور میونسپل کمیٹی گوادر کا عملہ اور مشینری بھی ریسکو آپریشن میں مصروف عمل ہے .
ضلع گوادر میں تمام سرکاری آ فیسران اور عملے کو الرٹ کردیا گیا ہے تاکہ عوام کو جلد سے جلد ریلیف فراہم کی جاسکے . دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بلوچستان میں اتوار کے روز داخل ہونے والے نئے سسٹم سے آئندہ 5 روز تک صوبے میں تیز بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا .

. .

متعلقہ خبریں