فیفا ورلڈکپ: ایران فٹبال ٹیم کی میچ سے 2 روز قبل امریکا جانے کی درخواست مسترد کردی گئی

ایران(قدرت روزنامہ)ایران فٹبال ٹیم کی فیفا ورلڈ کپ میچ سے دو روز قبل امریکا جانے کی درخواست مسترد کردی گئی۔
ایران فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں شریک ان کی ٹیم پر سفری پابندیاں عائد کی جارہی ہیں ، جس کی فیفا میں شکایت درج کرائیں گے ، پابندیوں کی وجہ سے ٹیم کی تیاریاں متاثر ہورہی ہیں۔
ایران فٹبال فیڈریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے منتظمین سے درخواست کی تھی کہ ٹیم کو میچ سے 2 دن پہلے لاس اینجلس جانے کی اجازت دی جائے، جہاں ایران کا دوسرا میچ اتوار کو بیلجیئم سے شیڈولڈ ہے ، لیکن ان کی 2 روز قبل امریکا جانے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ ٹیم کی تیاریوں کا شیڈول کافی پہلے جمع کرانے اور پیش کی گئی تیکنیکی وجوہات کے باوجود ایک بار پھر منتظمین کی جانب سے پابندیوں کا سامنا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس فیفا ٹاسک فورس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریو جیولیانی کا کہنا ہے کہ ایران کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ ٹیم کو میچ سے صرف ایک دن قبل امریکا آنے کی اجازت ہوگی اور میچ کے بعد اسی شام واپس جانا ہوگا ۔
ورلڈکپ میں ایران کے بیلجیئم اور مصر کے خلاف اگلے دونوں میچ بھی امریکا ہی میں شیڈولڈ ہیں۔
