190 ملین پاؤنڈ کیس، بانی پی ٹی آئی کے وکیل وکالت ناموں پر دستخط کیلئے اڈیالہ جیل پہنچ گئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے وکالت ناموں پر دستخط کے سلسلے میں وکیل خالد یوسف چوہدری اڈیالہ جیل پہنچ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وکیل بانی پی ٹی آئی خالد یوسف چوہدری نے داخلی دروازے پر اپنے کوائف جمع کرا دیے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی کاپی بھی فراہم کی۔
اس موقع پر خالد یوسف نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کے وکالت نامے لینے آیا ہوں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ کا حکمنامہ جیل حکام کو پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے وکالت ناموں پر دستخط کا حکم توہین عدالت کی درخواست کی سماعت میں دیا ہے۔
خالد یوسف چوہدری کا کہنا تھا کہ حکم نامے کے تحت جیل حکام 7 دنوں کے اندر وکالت نامے دستخط کروا کر دینے کے پابند ہیں۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سپریم کورٹ میں اپیل کرنی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وکالت نامے 25 مئی سے جیل حکام کے پاس جمع ہیں۔ تاخیر سے میعاد سماعت متاثر ہو رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert