جمعہ کی تعطیل ختم، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار سے متعلق نئی ہدایات جاری


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت کی جانب سے نافذ توانائی بچت اور کفایت شعاری اقدامات کے خاتمے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے وفاقی حکومت کے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری سے متعلق اقدامات واپس لینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت جمعہ کی سرکاری تعطیل ختم کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری گاڑیوں کے لیے پیٹرول کی مکمل سہولت بحال کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو بند رکھنے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 3 اور 10 جون سے نافذ مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے اوقات کار برقرار رہیں گے۔ دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور مارکیٹیں رات 9 بجے بند ہوں گی جبکہ شادی ہالز اور ایونٹ سینٹرز رات 10 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
اسی طرح ریسٹورنٹس، کیفے اور فوڈ آؤٹ لیٹس رات 11 بجے بند ہوں گے، تاہم ہوم ڈلیوری اور ٹیک اوے سروسز کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فارمیسیاں، ہسپتال، کلینکس، لیبارٹریز، بیکریاں، تنور اور دودھ کی دکانیں اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ اسی طرح پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز بھی اس پابندی سے آزاد ہوں گے۔
مزید برآں جمنازیم، کھیلوں کی سہولیات، آئی ٹی کمپنیاں اور کال سینٹرز بھی اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ 9 مارچ 2026 سے قبل نافذ دیگر کفایت شعاری اقدامات بدستور برقرار رہیں گے۔

WhatsApp
Get Alert