پی آئی اے کا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا


کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا ملتان سے سعودی عرب جانے والا مسافر طیارہ فضا میں اچانک پیدا ہونے والی سنگین فنی خرابی کے بعد حادثے سے بال بال بچ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملتان سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 765 کو فضا میں اچانک ایک بڑے تکنیکی بحران کا سامنا کرنا پڑا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بتایا گیا ہے کہ فلائٹ آپریشنز کے دوران طیارے میں اچانک خرابی کی نشاندہی ہوئی کہ دورانِ پرواز طیارے کے انتہائی اہم ‘ہائیڈرالک سسٹم’ میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی، خطرے کا احساس ہوتے ہی کپتان نے وقت ضائع کیے بغیر فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر لینڈنگ کی اجازت طلب کی، ایئر ٹریفک کنٹرول کی مستعدی اور پائلٹ کی بہترین کارکردگی سے طیارے کو زمین پر اتارا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اے ٹی سی کی جانب سے گرین سگنل ملتے ہی کپتان نے کمالِ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو صبح ساڑھے 9 بجے کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا، ایئرلائن حکام نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں 160 سے زائد مسافر سوار تھے اور تمام کے تمام بفضلِ خدا بالکل محفوظ ہیں، لینڈنگ کے بعد مسافروں کی دیکھ بھال اور طیارے کی چیکنگ کا عمل شروع کیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ ہنگامی لینڈنگ کے فوراً بعد تمام مسافروں کو طیارے سے بحفاظت نکال کر ایئرپورٹ کے آرام دہ ٹرانزٹ لاؤنج میں منتقل کیا گیا جہاں ان کی مہمان نوازی کی گئی، پی آئی اے کے انجینئرز کی ٹیم نے فوری طور پر طیارے کا چارج سنبھالا اور ہائیڈرالک سسٹم میں موجود فالٹ کو درست کرنے کے لیے کام شروع کر دیا، پی آئی اے کے انجینئرز کی جانب سے طیارے کا مکمل معائنہ کرنے اور اس کی تکنیکی خرابی کو سو فیصد دور کرنے کے بعد طیارے کو پرواز کے لیے کلیئرنس دے دی گئی، جس کے بعد تمام مسافروں کو دوبارہ طیارے میں سوار کر کے کراچی سے ریاض کے لیے بحفاظت روانہ کر دیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert