کویت کا مخصوص غیرملکیوں کیلئے 15 سالہ ویزہ کا اعلان، پاکستانی بھی شامل

کویت سٹی (قدرت روزنامہ) خلیجی ملک کویت کی حکومت نے ایک نئے طویل مدتی ریذیڈنسی پلان کا اعلان کردیا، جس کے تحت اہل غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ان کے اہلخانہ کو 15 سال تک کا اقامہ دیا جائے گا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق کویت نے اپنے ویزہ قوانین میں ایک انقلابی تبدیلی کرتے ہوئے غیر ملکیوں کے لیے 15 سالہ انویسٹمنٹ ویزہ متعارف کرا دیا ہے، اس نئے قانون کا مقصد کویت کو غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے خطے کا ایک معروف اور اہم ترین مرکز بنانا ہے، اس نئے ویزہ رول کے تحت مخصوص افراد 15 سال تک کا طویل مدتی اقامہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
کویت کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ تمام غیر ملکی سرمایہ کار جو مقررہ معیارات پر پورا اترتے ہوں، سرمایہ کاروں کے قریبی اور فوری فیملی ممبران، کویت میں کام کرنے والے انویسٹمنٹ اداروں کے تسلیم شدہ اور اعلیٰ عہدیداران، سرمایہ کاری کرنے والے اداروں سے وابستہ تصدیق شدہ شراکت دار اس ویزہ کے اہل ہوں گے، تاہم 15 سالہ اقامہ حاصل کرنے کے لیے کویتی حکومت نے کچھ اہم اور لازمی شرائط بھی عائد کی ہیں، جن پر پورا اترنا ضروری ہے۔
شرائط میں بتایا گیا ہے کہ سرمایہ کاروں کے پاس کویت ڈائریکٹ انویسٹمنٹ پروموشن اتھارٹی (کے ڈی آئی پی اے) سے منظور شدہ اور لائسنس یافتہ انویسٹمنٹ ادارے ہونا ضروری ہیں، سرمایہ کاروں کے لیے کویت کے اندر باقاعدہ اور حقیقی بزنس آپریشنز برقرار رکھنا لازمی ہے، اور اس کاروبار میں کویتی شہریوں کو ملازمت دینے کی لازمی شرط بھی پوری کرنی ہوگی، سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے منظور شدہ سرگرمیوں میں کم از کم 10 لاکھ کویتی دینار کا سرمایہ لگانا ہوگا، اتھارٹی سے لائسنس یافتہ اداروں کے لیے یہ بھی لازمی ہے کہ وہ کم از کم 50 لاکھ کویتی دینار کی سرمایہ کاری کی مالیت کو برقرار رکھیں۔
کویتی وزارتِ داخلہ نے کہا ہے کہ اس نئے ریذیڈنسی قانون کا بنیادی مقصد ملکی قیادت کے اس وژن کو پورا کرنا ہے جس کے تحت کویت کو ایک پرکشش مالیاتی اور تجارتی مرکز میں تبدیل کرنا ہے، یہ طویل مدتی اقامہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو کویت میں اپنے کاروبار قائم کرنے اور انہیں وسعت دینے کے لیے ایک محفوظ اور یقینی ماحول فراہم کرے گا، اس اقدام سے کویتی معیشت کو صرف تیل پر انحصار کرنے کے بجائے دیگر شعبوں میں متنوع بنانے میں مدد ملے گی۔
معلوم ہوا ہے کہ اس تاریخی ویزا اصلاحات کو کویتی کابینہ نے ریزولیوشن نمبر 651 آف 2026ء کے تحت باقاعدہ منظوری دی ہے، یہ پورا منصوبہ وزارتِ داخلہ کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ریذیڈنسی افیئرز اور ‘کے ڈی آئی پی اے’ کے درمیان قریبی تعاون اور کویت میں براہِ راست سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے قانون نمبر 116 آف 2013ء کے مقاصد کے تحت تیار کیا گیا ہے، اس نئے قانون کے بعد کویت بھی اب خلیج کے ان چند چیدہ چیدہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے جو دنیا بھر کے بہترین ٹیلنٹ، سرمائے اور طویل مدتی کاروباری عزم کو راغب کرنے کے لیے طویل اقامے پیش کر رہے ہیں۔
