نواز شریف گرفتاری سے ڈرتے ہیں

لاہور (قدرت روزنامہ)سینئر سیاستدان بیرسٹر اعتزاز احسن نے شہباز شریف کو نواز شریف کے لیے قربانی کا بکرا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شکاری بکرا باندھ کر شیر کو لالچ دیتا ہے، جیسے ہی شیر بکرے کو کھانے آتا ہے شکاری اس کا شکار کر لیتا ہے، اسی طرح نواز شریف نے اسٹیبلشمنٹ کے لیے شہباز شریف کو آگے رکھا ہوا ہے۔ اعتزاز احسن نے اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف گھات لگا کر بیٹھے ہیں اور شہباز شریف کو بطور چارہ ڈالا ہوا ہے، گولی شکار کو لگے یا شہباز کو نواز شریف کو کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ میں اس بات پر شدید اختلاف ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف بنے گا یا مریم نواز ۔انہوں نے کہا حکومت میں اگر صلاحیت کا فقدان ہے تو اپوزیشن بھی ایسی ہی ہے، نواز شریف تب واپس آئیں گے جب انہیں قید سے مکمل تحفظ دیا جائے گا، وہ قید کو برداشت ہی نہیں کر سکتے۔

اعتزاز احسن نے دعوی کیا کہ نواز شریف بغیر ڈیل کے واپس نہیں آئیں گے لیکن شریف خاندان کے ساتھ ڈیل یا این آر او کا کوئی امکان نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سب کچھ اس بات پر لگا ہوا ہے کہ شریف خاندان کو این آر او نہیں دیں گے، اگر ڈیل نہ ہوئی تو نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے، آئے تو جیل جائیں گے۔اعتزازاحسن نے مزید کیا کہا ملاحظہ کیجئے:۔انہوں نے کہا ہے کہ بنینظیر بھٹو جب پہلی بار وزیراعظم بنیں تو اُن کی عمر بھی بلاول بھٹو جتنی تھی۔
پروگرام نائٹ ایڈیشن میں اینکر پرسن شازیہ ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو مہنگائی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ تیسری قوت کا اشارہ ملنے کے بعد اب لیگی رہنماؤں کی مسکراہٹیں صاف دکھائی دیتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف اس لیے کھل کر سامنے نہیں آتے کہ ان کے پاس کچھ نہیں، ن لیگ کا سارا اثاثہ مریم نواز کے پاس ہے۔