بلوچستان اسمبلی ‘ رواں مالی سال کا 119 ارب 69 کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا ضمنی بجٹ منظور

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی کا اہم اجلاس ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی صدارت میں 30 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، جس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ پر عام بحث کے اختتامی مراحل کے ساتھ رواں مالی سال کے ضمنی مطالباتِ زر پر رائے شماری کا عمل مکمل کیا گیا۔ اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق اہم مطالباتِ زر ایوان کے سامنے پیش کیے، جن پر تفصیلی بحث کے بعد ارکانِ اسمبلی نے کثرتِ رائے سے ان کی منظوری دے دی۔ایوان نے پہلے مرحلے میں 61 ارب 29 کروڑ 96 لاکھ 51 ہزار 123 روپے کی مجموعی مالیت کے 21 غیر ترقیاتی مطالباتِ زر کی منظوری دی۔ اس کے بعد، صوبائی وزیر خزانہ کی جانب سے پیش کیے گئے 25 ترقیاتی مطالباتِ زر بھی ایوان نے کثرتِ رائے سے منظور کر لیے، جن کی مجموعی مالیت 58 ارب 39 کروڑ 9 لاکھ 54 ہزار روپے بنتی ہے۔ اس طرح بلوچستان اسمبلی نے مجموعی طور پر 46 ترقیاتی اور غیر ترقیاتی مطالباتِ زر کی منظوری دی، جس کی کل مالیت 119 ارب 69 کروڑ 6 لاکھ روپے سے زائد ہے۔اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کے نئے بجٹ پر عام بحث کا عمل بھی کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس کے فوری بعد مطالباتِ زر پر باقاعدہ مرحلہ وار رائے شماری کا آغاز کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے اس موقع پر ایوان کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں کی حقیقی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی امور کو آگے بڑھا رہی ہے، جبکہ بجٹ کی منظوری کا یہ آئینی عمل آئندہ اجلاسوں میں بھی مرحلہ وار جاری رہے گا۔
