جاپان، صرف 6 ماہ کے اندر دوسرے پاکستانی کی میت نذر آتش

ٹوکیو(قدرت روزنامہ)جاپان میں مقیم لاہور سے تعلق رکھنے والے سینئر پاکستانی راشد محمود خان کی میت کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔صرف 6 ماہ کے عرصے کے دوران دوسرے پاکستانی کو وفات کے بعد نذرِ آتش کر دیا گیا، واقعے پر جاپان میں پاکستانی کمیونٹی رنج و غم میں مبتلا ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق جاپان میں مقیم 50 سالہ سینئر پاکستانی راشد محمود خان چند روز قبل انتقال کر گئے جس کے بعد اسپتال اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے ان کی میت کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔

کئی دنوں تک رابطہ نہ ہونے کے بعد ان کے قریبی دوست ملک نور اعوان نے اسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان کا انتقال ہوچکا ہے اور ان کی آخری رسومات جاپانی انداز میں ادا کر دی گئی ہیں۔راشد محمود خان کی کوئی اولاد نہ تھی اور ان کی جاپانی اہلیہ کا کسی پاکستانی یا مسلمان تنظیم سے رابطہ نہیں تھا۔سینئر پاکستانی ملک نور اعوان، عابد حسین، ملک یونس، چوہدری عنصر سمیت بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جاپان حکومت سے اس مسئلے کو اٹھایا جائے۔