اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں مارچ کے مہینے کا بھی ذکر کیا . وزیراعظم نے کہا کہ مارچ میں اچھی خبریں ملیں گی .
مارچ کے بعد صورتحال میں ٹھہراؤ ہو گا اور سکون بھی ہو گا .
مارچ تک مہنگائی اور معاشی حالات سے متعلق اچھی خبریں ملیں گی . مارچ کے بعد حالات نارمل ہونا شروع ہوں گے . اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ہدایت جاری کی گئی کہ آئندہ کوئی سفیر بھی وزارتِ خارجہ کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر کسی وزیر سے ملاقات نہیں کرے گا . میڈیا ذرائع کہتے ہیں کہ وزارتِ خارجہ کی کلیئرنس کے بعد سفیر وزراء سے ملاقات کر سکیں گے ، ایسی تمام ملاقاتوں میں وزارت خارجہ کی جانب سے ایک نمائندہ بھی شریک ہو گا .
جبکہ وفاقی کابینہ نے ملزم عبدالقادر احسان کی پاکستان سے برطانیہ حوالگی کی منظوری دے دی ہے . ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزارتِ داخلہ کی جانب سے ملزم کی برطانیہ حوالگی کی سمری پیش کی گئی . علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین کی 2 سال کیلئے تقرری کی منظوری دے دی . پاکستان ادارہ شماریات میں 3 ممبران کی تقرری کی بھی منظوری دے دی گئی جبکہ رواں مالی سال کے گزشتہ چھ ماہ میں اضافی اخراجات کی اسٹیٹمنٹ جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی .
وزیرعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اجلاس میں ایجنڈے کے علاوہ بھی بعض موضوعات پر اظہار خیال کیا . کابینہ اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو لیک کی باز گشت بھی سنی گئی . کابینہ ارکان کو مشیر داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے مریم نواز کی آڈیو لیک کے بارے میں آگاہ کیا تاہم وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں آڈیو لیک پر زیادہ بات چیت سے گریز کیا . وزیراعظم اس معاملے پر عدم دلچسپی کا اظہار کیا . وزیراعظم نے صرف اتنی بات کی کہ ان کی تو دباؤ ڈال کر من پسند فیصلے لینے کی روایت رہی ہے .