کرنسی نوٹ پر نواز شریف کی تصویر سے عوام کی بچت ہوگی! سائرہ بانو کا دلچسپ تبصرہ

کراچی (قدرت روزنامہ)پنجاب اسمبلی کا اجلاس اس وقت ایک غیر معمولی بحث کی زد میں آ یا جب مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ارشد ملک نے مطالبہ کیا کہ پانچ ہزار روپے کے نوٹ پر قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر بھی شامل کی جائے۔ انکے اس بیان نے ایوان کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ارشد ملک نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے اس لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ان کی تصویر کو کرنسی نوٹ پر شامل کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ اقدام ایک علامتی حیثیت رکھے گا اور ملکی ترقی کے ایک دور کی نمائندگی کرے گا۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے جہاں صارفین کی جانب سے اس تجویز پر طنزیہ تبصرے اور مختلف میمز کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
اسی حوالے سے سابق رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پانچ ہزار کے نوٹ پر نواز شریف کی تصویر لگادی جائے تو عوام کی بچت میں اضافہ ہو جائے گا کیونکہ جیسے ہی لوگ نوٹ نکالیں گے تو آواز آئے گی “مجھے کیوں نکالا” جس کے بعد وہ نوٹ دوبارہ جیب میں رکھ دیں گے اور غیر ضروری اخراجات سے بچ جائیں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی صائمہ کنول نے اس مطالبے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہی سلسلہ چلتا رہا تو ملک کے صوبوں کے نام بھی تبدیل کر دینے چاہئیں ایک صوبہ نواز شریف، دوسرا شہباز شریف، تیسرا مریم اور چوتھا حمزہ رکھ دیا جائے جبکہ ملک کا نام بھی شریفستان رکھ دیا جائے۔

یہ معاملہ سیاسی حلقوں میں بحث کا نیا موضوع بن گیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس پر مختلف آرا اور طنزیہ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔
