ایرانی کرنسی کی قدر میں غیر معمولی اضافہ

لاہور (قدرت روزنامہ) ایرانی کرنسی کی قدر میں غیر معمولی اضافہ، پاکستانیوں نے صرف 5 دنوں میں 3 کھرب ایرانی ریال خرید لیے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا ایران امن معاہدے کے بعد پاکستان میں ایرانی کرنسی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ امن معاہدے کے بعد پاکستان میں شہریوں نے پانچ روز کے اندر 3 کھرب روپے مالیت کے ایرانی ریال خریدے جبکہ طلب بڑھنے کی وجہ سے اوپن کرنسی مارکیٹ میں ایرانی کرنسی کی قدر میں 100 فیصد اضافہ ہوا ۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک بوستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5 روز کے دوران ایرانی ریال کی خریداری میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ اس سے پہلے 2 ہزار روپے میں ایک کروڑ ایرانی ریال ملتے تھے جبکہ اب 4 ہزار روپے میں ایک کروڑ ریال مل رہے ہیں۔
یعنی صرف چند ہی دنوں میں ایرانی ریال میں سرمایہ کاری کرنے والوں نے اپنے منافع میں 100 فیصد اضافہ کر لیا۔
دوسری جانب پاکستانی روپے کی قدر میں بھی بہتری کا سفر جاری ہے۔ پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پیر کو انٹربینک مارکیٹ میں امر یکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 03 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 278 روپے 22 پیسے ہو گئی ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں سعودی ریال کی قدر 74 روپے 11 پیسے جبکہ بحرینی دینار کی قدر 737 روپے 97 پیسے رہی۔اسی طرح عمانی ریال کی انٹربینک مارکیٹ میں قدر 722 روپے 68 پیسے رہی، کویتی دینار کی قدر 904 روپے 34 پیسے اور قطری ریال کی قدر 76 روپے 30 پیسے ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 279 روپے اور قیمت فروخت 279 روپے 25 پیسے ریکارڈ کی گئی۔
