پنجگور سے گرفتار بی ایل اے کے دہشت گرد ساجد احمد کو عمر قید کی سزا، مجموعی طور پر 21 سال 5 ماہ قید کا حکم


تربت(قدرت روزنامہ)پنجگور سے گرفتار کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)سے وابستہ دہشت گرد ساجد احمد کو انسدادِ دہشت گردی عدالت تربت نے عمر قید کی سزا سنا دی ہے، جبکہ مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر اسے 21 سال 5 ماہ قید کی سزا کا حکم دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ مقدمہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کی دفعہ 7 کے تحت انسدادِ دہشت گردی عدالت تربت میں زیر سماعت تھا، جہاں شواہد، گواہوں اور تفتیشی رپورٹوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔سماعت کے دوران سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق، ساجد احمد کو 30 نومبر 2025 کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ ملزم ایک منصوبہ بند خودکش حملے کی تیاری مکمل کر چکا تھا اور اس مذموم مقصد کے لیے ایک گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے لیس کرنے کی کارروائی بھی مکمل کی جا چکی تھی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ایک بڑے اور ہولناک دہشت گرد حملے کو ناکام بنایا گیا، جس سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کو روکا جا سکا۔ تحقیقات کے دوران ملزم کے کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے باقاعدہ روابط اور دیگر دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید شواہد بھی سامنے آئے۔ اس عدالتی فیصلے کو دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں ایک انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنے مقف میں دہرایا ہے کہ ملک دشمن عناصر اور عوام کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی اور ایسے تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert