پنجاب: ٹیکس وصولی کیلئے شادی ہالز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کا فیصلہ

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے شادی ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لیے کیمرےلگانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب ریونیو سے متعلق اجلاس ہوا جس میں شادی ہالز، مارکیز، فارم ہاؤسز اور بڑے فوڈ چینز کی مانیٹرنگ کے لیے کیمرےلگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شادی ہالز اور فوڈ چینز سے فارم ہاؤسز تک ہر ٹرانزیکشن کا حساب ہوگا۔
وزیر اعلی نے ٹیکس وصولی اور سیکٹرل میپنگ کی ہر ہفتے رپورٹ پیش کرنے اور کیش اکانومی سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی کا حکم دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب ریونیو کلیکشن میں 38 فیصد اضافہ ہوا اور وصولی250 سے346 ارب تک پہنچ گئی جب کہ مالی سال 27-2026 کے لیے528 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ اگر دنیا کیش سے ڈیجیٹل پر جاسکتی ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ ٹیکس چوری پر نو ٹالرنس،کیمرے کی آنکھ بھی دیکھے گی اور ڈیجیٹل سسٹم بھی پکڑے گا جب کہ جعلی رسیدیں دینے اور سیلز چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
