اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جن لوگوں کوویکسین لگی ان میں بیماری کی شرح کم ہے . معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اومیکرون کے پھیلاؤ میں تیزی ہے .
انہوں نے کہا کہ ویکسین لگوائیں ،ماسک کا استعمال کریں ، پاکستان میں جن لوگوں کوویکسین لگی ان میں بیماری کی شرح کم ہے ، بزرگ افراد ویکسین کے استعمال میں کوتاہی نہ برتیں . ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ پاکستان میں ویکسین کا اثر واضح طور پر نظر آرہا ہے ، ہم نے دو تہائی سے زیادہ ویکسین خود خریدی ہیں ، قومی شناختی کارڈ کا حامل ہر شہری صحت کارڈ کے حصول کا حقدار ہے .
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود ہے ، ہم نے نئی نسل کو چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہے ، بچوں کی تربیت کرنا سب سے اہم معاملہ ہے . دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اومیکرون کے پھیلنے کی رفتار بہت تیز ہے ، ابھی تک کسی نے ویکسینیشن نہیں کروائی تو فوری ویکسی نیشن کروائیں . انہوں نے کہا کہ شہری رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں ، اومیکرون جنوبی افریقہ سے پھیلنا شروع ہوا ، عوام ماسک پہنیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، اومیکرون وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا ہے .
اسد عمر نے کہا کہ پنجاب میں10سے12 دن میں کیسز میں اضافہ ہوا ، اومیکرون کیسزمیں آنےوالےدنوں میں تیزی سےاضافہ ہوگا ، حفاظتی تدابیر سے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے . وفاقی وزیر نے کہا کہ ذہن سے نکالنا ہوگا کہ اومیکرون ہوگیا تو فرق نہیں پڑےگا ، بڑے شہروں میں سب سے زیادہ کیسز پھیلتے ہیں ، کراچی اور لاہور میں60فیصد کیسز آرہے ہیں ، امریکا اور برطانیہ میں مکمل ویکسینیشن کروانے والوں کی تعداد زیادہ ہے .
انہوں نے کہا کہ شواہد آئے ہیں ملک میں بچوں کو بھی بیماری ہوئی ، ویکسین کروانے والوں میں اومیکرون کا خطرہ کم ہے ، جنوبی افریقا میں8نومبرکو پہلا کیس سامنے آیا ، جنوبی افریقا میں3 سے4 ماہ میں کیسز کا اضافہ ہوا ، اومیکرون بہت تیزی سے پھیلتا ہے،لیکن یہ اتنا مہلک نہیں .