صوبائی حکومت صوبے میں جاری آن گوئنگ اسکیمات کے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے جمعیت علماء اسلام

موجودہ صوبائی حکومت نے آئندہ مالی سال2026-27ء کے بجٹ میں آن گوئنگ اسکیمات کے جو فنڈز رکھے ہیں وہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں مولانا عبدالواسع


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے امیر وسینیٹر مولانا عبدالواسع ، سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلا م نے ہمیشہ ہر طبقہ کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے صوبائی حکومت صوبے میں جاری آن گوئنگ اسکیمات کے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے جمعیت علماء اسلام آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام لانگو کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وفد میں جنرل سیکرٹری ملک مجیب مہترزئی ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صلاح الدین کبزئی ،سینئر نائب صدر حاجی ابراہیم اچکزئی ، جنرل سیکرٹری قلعہ سیف اللہ محمد اسحاق کاکڑ اوردیگر شامل ہے ۔ آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالسلام لانگو،جنرل سیکرٹری مجیب مہترزئی نے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ کو ٹھیکیداروں کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پرآگاہ کیا اورانہیں بلوچستان موجودہ صوبائی حکومت نے آئندہ مالی سال2026-27ء کے بجٹ میں آن گوئنگ اسکیمات کے جو فنڈز رکھے ہیں وہ آٹے میں نمک کے برابر ہیں جس کی وجہ سے آن گوئنگ اسکیمات کی بروقت تکمیل ممکن نہیں ہے جس سے ٹھیکیدار برداری کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ جس طر ح حکومت نے بیکٹر میں اسکیمات کیلئے 100فیصد فنڈز مختص کئے ہیں اسی طرح تمام ڈسٹرکٹ میں جاری اسکیمات کیلئے بھی 100فیصد فنڈز مختص کئے جائیں تاکہ جاری اسکیمات کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوام کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آؤاز بلند کی ہے صوبائی حکومت کو چاہئے کہ وہ صوبے میں جاری اسکیمات کے لئے مطلوب فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ جاری اسکیمات کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام آل بلوچستان گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اورانہیں ہرقسم کے تعاون کا یقین دلاتی ہے اس سلسلے میں جمعیت سینٹ،قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی میں بھی آواز بلند کریگی۔

WhatsApp
Get Alert