عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، قیمتیں ایران امریکا جنگ سے پہلے والی سطح پر آ گئیں

نیویارک(قدرت روزنامہ)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی، قیمتیں ایران امریکا جنگ سے پہلے والی سطح پر آ گئیں،تیل کی عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل کی قیمتیں 4 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں، امریکی خام تیل بھی مزید سستا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بدھ کے روز بھی کمی کا رجحان برقرار رہا کیونکہ سرمایہ کاروں کے خدشات کم ہو گئے کہ مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی تیل کی سپلائی کو متاثر کرے گی۔
غیر ملکی میڈیا کی جانب سےرپورٹ کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق برطانوی خام تیل جسے برینٹ کروڈ بھی کہا جاتاہے،یہ 74.80 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا جو بعد میں مزید گر کر تقریباً 73.8 ڈالر فی بیرل تک بھی پہنچ گیا۔
4ماہ میں یہ پہلا موقع ہے کہ برینٹ کروڈ کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل سے نیچے آئی ہے جو فروری کے آخر میں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے سے پہلے کی سطح کے قریب ہے۔
ماہرین کے مطابق حالیہ کمی کی بنیادی وجہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد پیدا ہونے والی نسبتا مثبت فضا ہے۔ سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر جنگ بندی برقرار رہی تو آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل معمول کے مطابق جاری رہے گی اور عالمی سپلائی متاثر نہیں ہوگی۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر خام تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔
مشرقِ وسطی میں کشیدگی بڑھنے کی صورت میں اس راستے کی بندش یا رکاوٹ کا خدشہ تیل کی قیمتوں میں فوری اضافہ کر دیتا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اگرچہ خطے میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی، تاہم حالیہ سفارتی پیش رفت اور جنگ بندی کی خبروں نے مارکیٹ کو وقتی طور پر اعتماد دیا ہے۔
