سیکیورٹی فورسز کی خاران اور مستونگ میں کامیاب کارروائیاں، وزیراعلیٰ بلوچستان کا خراجِ تحسین


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی دو کامیاب کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کا واضح اظہار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران آٹھ دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتی ہے، جو بلوچستان میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر محاذ پر قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت، قومی عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے ملک میں امن کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے کے لیے متحد ہو کر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

WhatsApp
Get Alert