عالمی منڈی میں تیل سستا، مگر عوام کو ریلیف سے محروم رکھنا حکومت اور آئل مافیا کے گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے، حکومت ایل پی جی مافیا کو کنٹرول کرنے میں بھی ناکام ،پاکستان تحریک انصاف

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومتِ پاکستان کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنا معاشی نااہلی، عوام دشمن پالیسیوں اور بااثر مفاداتی گروہوں کے سامنے مکمل بے بسی کا واضح ثبوت ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوں کے بوجھ تلے پسے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے حکومت نے ایک بار پھر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، آئل ٹینکر مافیا اور بڑے ڈیلرز کے مالی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کا راستہ اختیار کیا ہے۔ یہ فیصلہ اس حقیقت کو مزید تقویت دیتا ہے کہ موجودہ حکومت کی معاشی ترجیحات عوام کی فلاح نہیں بلکہ مخصوص کاروباری گروہوں کے مفادات کا تحفظ ہیں۔
حکومت نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ جب بھی فیصلہ عوام اور طاقتور لابیوں کے درمیان کرنا ہو تو اس کا جھکاؤ ہمیشہ طاقتور طبقوں کی طرف ہوتا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو اس کا حق نہ دینا معاشی انصاف کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اگر عوام سے ہر اضافی بوجھ بلا تاخیر وصول کیا جا سکتا ہے تو پھر ریلیف دینے کے وقت خاموشی اور پسپائی کیوں اختیار کی جاتی ہے؟ اس دوہرے معیار نے حکومتی دعوؤں کی حقیقت پوری قوم کے سامنے آشکار کر دی ہے۔
حکومت مسلسل یہ دعویٰ کرتی رہی ہے کہ اس کی معاشی پالیسیاں عوامی فلاح کے لیے ہیں، مگر عملی طور پر ہر فیصلہ اس کے برعکس ثابت ہو رہا ہے۔ بجلی، گیس، پٹرول، اشیائے ضروریہ اور ٹیکسوں کی صورت میں عوام سے مسلسل قربانیاں لی جا رہی ہیں، لیکن جب انہیں ریلیف دینے کا موقع آتا ہے تو حکومت مختلف جواز تراش کر ان کا حق روک لیتی ہے۔ یہ طرزِ حکمرانی نہ صرف عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے بلکہ معیشت پر عوام کے اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچا رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے، اور یہ بھی قوم کو بتایا جائے کہ آخر کس کے مفادات کے تحفظ کے لیے عوام کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ حکومت کو یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ عالمی قیمتوں میں کمی سے حاصل ہونے والا مالی فائدہ کہاں جا رہا ہے اور عوام کو اس سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اس بات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ حکومت ایل پی جی کی قیمتوں کو بھی مقررہ نرخوں پر برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ملک بھر میں ایل پی جی صارفین سے سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں، مگر متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ حکومت کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے کہ ایل پی جی مقررہ قیمت پر مارکیٹ میں دستیاب ہو اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، مگر موجودہ صورتحال سے یہی تاثر ملتا ہے کہ حکومت عوام کے مفادات کے بجائے ایل پی جی مافیا کی سرپرستی کر رہی ہے۔ اس غفلت اور بے عملی کا خمیازہ غریب اور متوسط طبقہ بھگت رہا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کے شدید بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف واضح کرتی ہے کہ عوام اب حکومتی دعوؤں اور نمائشی اعلانات سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ قوم کو حقیقی ریلیف چاہیے، نہ کہ طاقتور مافیا کو نوازنے کے لیے بنائی گئی پالیسیاں۔ آج ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ اس حکومت کے نزدیک عوام کی جیب کی کوئی اہمیت نہیں، اصل اہمیت صرف ان طبقات کی ہے جو اقتدار کے ایوانوں تک رسائی رکھتے ہیں۔ عوام یہ ناانصافی کبھی فراموش نہیں کریں گے۔
