قلات میں پولیس قافلے پر بم حملہ، اہلکار محفوظ؛ خانوزئی میں بارودی مواد پھٹنے سے 3 افراد شدید زخمی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)قلات میں گزشتہ روز رودینجو کے قریب سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت پولیس کی تین گاڑیاں، جن میں ایک کوئیک رسپانس فورس (QRF) اور دو انسداد دہشت گردی فورس (ATF) کی گاڑیاں شامل تھیں، اسکواڈ ڈیوٹی کے لیے قلات سے بینچہ کی جانب جا رہی تھیں۔
گاڑیاں جب رودینجو کے علاقے میں پہنچیں تو قافلے کے قریب سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم (IED) دھماکے سے پھٹ گیا، تاہم دھماکے میں تمام تینوں گاڑیاں اور اہلکار مکمل طور پر محفوظ رہے۔پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ واقعے کے بعد ایک اے ٹی ایف گاڑی واپس قلات روانہ ہو گئی جبکہ ایک کیو آر ایف اور ایک اے ٹی ایف گاڑی بینچہ کی جانب اپنے سفر پر روانہ رہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات اور علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
خانوزئی میںگزشتہ روز پینکی کے قریب مائننگ کے کام پر جانے والے تین افراد کی موٹر سائیکل پر موجود بارودی مواد میں اچانک دھماکہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ظہور ولد عبدالفیض، فیصل ولد طالب اور محمد افضل ولد طالب (قوم بارکزئی، ساکنان پینکی) شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے میں ظہور اور محمد افضل کے پاں کٹ گئے جبکہ فیصل بری طرح جھلس گیا۔ تینوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ ریفر کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

WhatsApp
Get Alert