معروف تاجر محمد ہاشم نورزئی کا بہیمانہ قتل انتہائی دلخراش،صوبے میں امن و امان کی صورتحال ابتر، حکومت عوام اور تاجروں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، اور قابلِ مذمت ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک پریس ریلیز میں ممتاز تاجر، کابل جان ہوٹل کے مالک محمد ہاشم نورزئی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محمد ہاشم نورزئی ایک معروف اور باوقار تاجر تھے، جنہوں نے کاروباری شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں۔
انہوں نے حال ہی میں کوئٹہ میں ایم ریسٹورنٹ کا افتتاح بھی کیا تھا اور شہر کی تجارتی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہے تھے۔ ان کا دن دہاڑے کوئٹہ کی مرکزی شاہراہ پر قتل ایک نہایت افسوسناک، دلخراش اور قابلِ مذمت واقعہ ہے، جس نے پورے شہر کے عوام، تاجروں اور کاروباری حلقوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے اور حکومت و متعلقہ ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ آئے روز ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، ڈکیتیوں اور مسلح جتھوں کی سرگرمیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں نہ تاجر محفوظ ہیں، نہ ٹرانسپورٹرز اور نہ ہی عام شہری۔ شاہراہیں، بازار اور کاروباری مراکز جرائم پیشہ عناصر، ڈاکوں اور مسلح گروہوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں، جس کے باعث کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی حکومت سے فوری مطالبہ کرتی ہے کہ محمد ہاشم نورزئی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے اور عوام و تاجر برادری کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مثر اقدامات کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert