عمران آئیڈیل باتیں کرتے ہیں، عملی زندگی اس کے برخلاف ہے، مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان آئیڈیل باتیں کرتے ہیں عملی زندگی اس کے برخلاف ہے، عمران خان کی ساری زندگی آئیڈیل باتیں کرنے میں گزری ہے۔اسلام آباد میں پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئیڈیل باتیں عمران خان کی عملی زندگی کے برخلاف ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فارن فنڈنگ اسکروٹنی کمیٹی تحقیقات میں پی ٹی آئی کا سب کچھ سامنے آچکا ہے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے قانون سازی کے حوالے سے افواہیں گردش کررہی ہیں، ملک کو آئین کے مطابق چلانے کی ضرورت ہے، چاروں صوبوں میں آئین کے مطابق فیصلے ہونے چاہئیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو باتیں مصطفیٰ کمال نے کیں اس پر غور و فکر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں پی ڈی ایم کا سربراہ ہوں، ن لیگ بڑی جماعت ہے۔چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کو آ ئین و قانون کے مطابق چلنا چاہیے، پی ایس پی مولانا صاحب اور ان کی جماعت کے سیاست میں کردار کا احترام کرتی ہے۔