کوئٹہ اور جنوبی پشتونخوا بدترین بدامنی کی لپیٹ میں ہیں، حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی،عوام کو راست اقدام اٹھانے پر مجبور کیا جارہا ہے، تاجر ہاشم نورزئی کے قاتل فوری گرفتار کیے جائیں، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے بلیلی چیک پوسٹ پر ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی کے بہیمانہ قتل کے خلاف منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ شہر اور جنوبی پشتونخوا اس وقت بدترین بدامنی، دہشت گردی، لاقانونیت، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ، قتل و غارت اور ڈاکہ زنی کی لپیٹ میں ہیں۔ عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کہیں بھی محفوظ نہیں رہی، جبکہ حکومت اور متعلقہ ادارے اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ممتاز تاجر ہاشم خان نورزئی کو دن دہاڑے انتہائی بے دردی اور سفاکیت کے ساتھ قتل کیا گیا، جس کی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور مجرم عناصر بلاخوف و خطر کارروائیاں کر رہے ہیں۔کبیر افغان نے کہا کہ تاجروں، کاروباری طبقے اور عام شہریوں کو مسلسل عدم تحفظ کا سامنا ہے، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ اگر حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتی تو عوام کو راست اقدام اٹھانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہاشم خان نورزئی کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے، مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے اور کوئٹہ سمیت پورے جنوبی پشتونخوا میں امن و امان کی بحالی کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مجرموں کی گرفتاری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا تو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی عوام کی تائید و حمایت سے اقدامات اٹھائیگی۔

WhatsApp
Get Alert