عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود فارم47 کی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا فیصلہ کیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اسد قیصر نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود فارم47 کی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ ایکس پر اپنے اپنے ردعمل میں اسد قیصر نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود فارم 47 کی حکومت نے ایک بار پھر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اُن کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت آج بھی پیٹرول پر 66 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 79 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے، جس کی وجہ سے عوام عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود مہنگا ترین پیٹرول اور ڈیزل خریدنے پر مجبور ہیں۔
یہ حکومت عوام کی نہیں بلکہ ٹیکسوں اور لیویوں کے ذریعے اپنی نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈالنے میں مصروف ہے۔ جس حکومت کی بنیاد عوامی مینڈیٹ پر نہ ہو، اسے عوام کے مسائل اور تکالیف کا احساس بھی نہیں ہوتا۔
حکومت فوری طور پر پیٹرولیم لیوی میں نمایاں کمی کرے۔ دوسری جانب وفاقی وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ایک وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے عوام کو مستقبل قریب میں مزید ریلیف فراہم کرنے کی نوید سنا دی، انہوں نے واضح کیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں آنے والی حالیہ کمی کا فائدہ براہِ راست صارفین تک منتقل کیا جائے گا۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، حکومت اس کا فائدہ صارفین تک پہنچانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے، جیسا کہ اس وقت عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ چکی ہے اور قوی توقع ہے کہ ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی اسی رخ پر چلیں گی، جس کا فائدہ ملکی سطح پر دیا جائے گا۔
حکومتی اقدامات اور مستقبل کی حکمتِ عملی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے اب تک ڈیزل کی قیمت میں 200 روپے فی لیٹر اور پیٹرول کی قیمت میں 155 روپے فی لیٹر تک کی بڑی کمی کی ہے، عالمی مارکیٹ کے موجودہ رجحان کو دیکھتے ہوئے جلد ہی عوام کو اس موجودہ ریلیف سے ہٹ کر مزید ریلیف دیا جا سکے گا، جس کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔
