پی ٹی آئی نے ایم این اے اقبال آفریدی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا۔ میڈیا کے مطابق شوکاز کے مطابق اقبال آفریدی کو اپنا مئوقف واضح کرنے کیلئے7 دن دیئے گئے ہیں۔ جواب نہ دینے کی صورت اقبال آفریدی کی بنیادی پارٹی رکنیت معطل کردی جائے گی۔
شوکاز میں کہا گیا کہ آپ نے ہمیشہ پارٹی ارکان اسمبلی کے ساتھ نامناسب رویہ اور غیرشائستہ زبان استعمال کی۔ آپ نے قومی اسمبلی کی کاروائی کے دوران پارلیمانی پارٹی کے فیصلوں کی خلاف ورزی کی۔ یاد رہے 21 جون کو قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے رکن اقبال آفریدی کی رکنیت کی معطلی ختم کرنے کی تحریک کی منظوری دی تھی۔ اتوار کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بیرسٹر گوہر خان نے اس حوالہ سے تحریک پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پر انہوں نے تحریک ایوان میں پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔
سپیکر نے کہا کہ رکنیت معطلی کو ختم کرنے پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے، مجھے ایک ذمہ داری دی گئی ہے، میں نے ہاوس اور ایم این ایز کے وقار اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، اقبال آفریدی صاحب کو بھی درخواست کریں کہ وہ پاسز کے بغیرکسی کو نہیں لائیں گے اور وہ عملہ اور ایم این یز کے ساتھ بدتمیزی نہیں کریں گے، وہ کورم پوائنٹ آئوٹ ضرورکریں مگریہ نہیں ہوگا کہ جب تک وہ کھڑے ہوں کسی اور کو فلور نہیں دیا جائیگا۔
سپیکر نے کہا کہ ایم این ایز سے بھی درخواست ہے کہ وہ پاس کے بغیر مہمانوں کو نہ لائیں۔ سپیکرنے کہاکہ لابیز ممبران کیلئے ہوتے ہیں وہاں غیر متعلقہ لوگوں کو نہیں لانا چاہئے، جب ووٹنگ ہوتی ہے تولابیز اس عمل کا حصہ ہوتی ہے۔ سپیکرنے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر ضابطہ اخلاق کا جائزہ لینا چاہئے۔

WhatsApp
Get Alert