بھارت: شراب پینے پر کیوں ڈانٹا؟ سفاک بیٹے نے کلہاڑی کے وار سے باپ کو قتل کردیا

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت میں سفاک شخص نے نشے کی حالت میں اپنے باپ کو بے دردی سے قتل کر ڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست جھارکھنڈ کے ضلع بوکارو کے گاؤں کرپانی میں پیش آیا جہاں 30 سالہ ارجن کرمالی نے اپنے باپ کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ملزم ارجن کرمالی اپنے ماموں کے گھر ایک تقریب میں شرکت کے بعد دیر سے گھر واپس آیا تھا، جس پر والد نے اسے شراب پینے اور نشے کی حالت میں واپس آنے پر ڈانٹا۔
پولیس کے مطابق والد کی باتیں سن کر ارجن اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکا اور ان سے جھگڑنا شروع کردیا اور اسی دوران اس نے گھر میں رکھی کلہاڑی سے اپنے والد کے سر پر وار کیا، جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ باپ نے اپنے بیٹے کی شراب نوشی کی عادت پر اعتراض کیا تھا کہ اس سے خاندان میں اکثر بدامنی کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے جبکہ ارجن شراب کے نشے میں اپنی بیوی پر بھی تشدد کرتا تھا جس کے باعث وہ اسے چھوڑ کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق گاؤں والوں نے واقعے کے بعد ملزم کو پکڑ لیا اور پولیس کو اطلاع دینے سے پہلے اسے گھر کے اندر باندھ دیا، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
