مری میں ایک لاکھ کے قریب گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں، فواد چودھری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہےکہ مری میں ایک لاکھ کے قریب گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں، سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں اوراقامت گاہوں کے کرائے کئی گنا اوپر چلے گئے ہیں، سیاحت میں یہ اضافہ عام آدمی کی آمدنی میں اضافے کو ظاہرکرتا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مری میں ایک لاکھ کے قریب گاڑیاں داخل ہوچکی ہیں ہوٹلوں اور اقامت گاہوں کے کرائے کئ گنا اوپر چلے گئے ہیں سیاحت میں یہ اضافہ عام آدمی کی خوشحالی اور آمدنی میں اضافے کو ظاہر کرتا ہے اس سال سو بڑی کمپنیوں نے 929 ارب روپے منافع کمایا تمام بڑے میڈیا گروپس 33 سے چالیس فیصد منافع میں ہیں۔
فواد چودھری نے ٹویٹر پر اسٹاک مارکیٹ سے متعلق فہرست جاری کی جس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ دنیا میں 18فیصد منافع کے ساتھ سب سے منافع بخش اسٹاک مارکیٹ رہی ان کمپنیوں نے2020 میں 272 ارب روپیہ اپنے شہر ہولڈرز کو دیا اور2021 میں یہ منافع 498 ارب روپیہ ہے۔

دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد کے سیاحتی مقامات نتھیا گلی ،ایوبیہ خانپسور میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے، سردی کی شدت میں اضافہ ،ایبٹ آباد مری روڈ سمیت رابطہ سٹر کیں ٹریفک کے لئے بند ہو گئی۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی مشینری برفباری سے متاثرہ شاہراہ سے برف ہٹانے میں مصروف ،گلیات میں برفباری کا پانچویں سلسلہ سیدو انچ تک برف پڑ ھ چکی ہے۔موسم سرما کے آغاز سے شہر میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ایبٹ آباد کے پرفضا سیاحتی علاقہ نتھیا گلی۔ڈونگا گلی ،کالا باغ ،ایوبیہ ،خانسپور ،چھانگلا کلی ،ڈونگا گلء ،سمیت دیگر علاقوں میں برفباری سے رابطہ سڑکیں بھی بند ہو چکی ہے۔
برفباری کے پانچویں سپیل سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ کے سیاحوں کو بھی راغب کیا ہے جس سے بڑی تعداد میں سیاح برفباری سے لطف اندوز ہونے ان مقامات پر موجود ہیں،ادھر شہری علاقہ میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آئے ہیں۔کینٹ بورڈ اور ٹی ایم اے واسا کی حدود میں نکاسی آب کے نالے بھی ابل پڑے ہیں جس سے جگہ جگہ گندگی کے انبار لگے ہوئے ہیں۔
سردی کی شدت میں اضافہ سے سوئی گیس کے کم پریشر سے بھی صارفین کو مسائل کا سامنا رہا ہے۔سردی سے لنڈا بازار کی رونقیں بھی بحال ہوئی ہیں خواتین اور بچوں کے گرم ملبوسات کی خریداری بھی بڑھ گئی تاہم مہنگے داموں فروخت سے شہریوں میں مایوسی کا عنصر بھی غالب رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ اگلے تین روز جاری رہے گا۔
ترجمان گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید کے مطابق برفباری سے متاثرہ شاہراہ کو بحال کرنے کے لئے ہیوی مشینری سے صفائی کا سلسلہ جاری ہے۔ جی ڈی اے کی 6 ہیوی مشینری گاڑیاں مسلسل برف سڑک سے ہٹانے پر مختص کی گئی ہیں تھائی سے باڑیاں تک ایبٹ آباد مری روڈ سے برف ہٹانے کا کام جی ڈی اے کی زیر نگرانی ہے۔ انہوں نے سیاحوں کو بغیر چین سفر کرنے سے اجتناب کرنے پر زور دیا ہے۔اور برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد ایبٹ آباد مری روڈ کو باڑیاں تک ٹریفک کے لئے بحال کر دیا جائے گا۔سیاح کسی بھی پریشانی میں جی ڈی اے کی ہیلپ لائن سے رہنمائی لے سکتے ہیں۔