سعودی عرب میں آرامکو کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 14 افراد جاں بحق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہر راس تنورہ میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 14 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی معاونت سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) نے سعودی وزارت توانائی کے حوالے سے بتایا کہ سعودی آرامکو کا ہیلی کاپٹر اتوار کی صبح تقریباً 6 بجے راس تنورہ میں گر کر تباہ ہوا، راس تنورہ سعودی عرب کے مشرقی ساحل پر آبنائے ہرمز کے مغرب میں واقع ایک اہم تیل بردار بندرگاہ ہے۔
بیان کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے اور ہلاک ہونے والے تمام افراد سعودی شہری تھے۔
Ministry of Energy: Saudi Aramco Helicopter Crash Claims the Lives of All 14 People on Board.https://t.co/teEbWEkL92#SPAGOV
— SPAENG (@Spa_Eng) June 28, 2026
وزارت توانائی نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم متعلقہ حکام کی شمولیت سے جامع تحقیقات جاری ہیں تاکہ حادثے کے اسباب کا تعین کیا جا سکے۔ بیان میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی بھی کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی آرامکو نے گزشتہ جمعہ کو خلیج میں واقع راس تنورہ آئل ٹرمینل پر خام تیل کی لوڈنگ دوبارہ شروع کی تھی۔ یہ سرگرمیاں امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ کے باعث تقریباً چار ماہ تک معطل رہنے کے بعد بحال کی گئی تھیں۔
BREAKING: A Saudi Aramco helicopter has crashed in Ras Tanura, killing 14 people, the state news agency reports.
🔴 More on https://t.co/hGzrK2N8WC pic.twitter.com/EvJMTEVlQj
— Al Jazeera Breaking News (@AJENews) June 28, 2026
رپورٹ کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے خام تیل برآمد کرنے والے ملک سعودی عرب نے مشرق وسطیٰ کے دیگر توانائی پیدا کرنے والے ممالک کے ساتھ مل کر تیل اور گیس کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیا ہے۔
یہ اقدامات جنگ بندی کے عبوری معاہدے سے قبل خطے سے توانائی کی ترسیل تیز کرنے کی کوششوں کا حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔
