دشت میں راستہ بھٹکنے والے خاندان پر حملہ افسوسناک، ملوث دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، بابر یوسفزئی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)معاون خصوصی برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کل ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں کوئٹہ سے کراچی سفر کرنے والے ایک خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ خاندان کوئٹہ سے کراچی جا رہا تھا کہ راستہ بھٹک جانے یا مبینہ طور پر گوگل میپس کی غلط رہنمائی کے باعث دشت کے علاقے کھنڈ پہنچ گیا۔ فتنہ الہندوستان بی ایل اے کے دہشت گردوں نے خاندان کی گاڑی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں خاندان کے سربراہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ خاتون شدید زخمی ہوئیں، جبکہ دو معصوم بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ یہ دہشت گرد معصوم پاکستانی شہریوں اور دیگر سافٹ ٹارگٹس کو جان بوجھ کر نشانہ بناتے ہیں۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق اس حملے میں بی ایل اے کے دہشت گرد ملوث تھے۔ صوبائی حکومت نے فوری طور پر شہید کی میت اور زخمی خاتون کو کراچی منتقل کرنے کے انتظامات کیے، جہاں خاتون کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہم ان دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ اس گھنانے جرم کے ذمہ دار عناصر اپنے انجام تک پہنچ سکیں۔ میں ان تنظیموں سے بھی سوال کرنا چاہوں گا جو انسانی حقوق کے نام پر آواز بلند کرتی ہیں: کیا یہ معصوم بچے اپنے والد کی محبت، شفقت اور سرپرستی کے حق دار نہیں تھے؟ اس سفاکانہ دہشت گرد حملے نے ان سے ان کے والد کا سایہ ہمیشہ کے لیے چھین لیا۔ دہشتگردوں اور بی ایل اے کی سہولت کار ماہرنگ لانگو کی سزا پر مگر مچھ کے آنسو بہانے والے بتائیں یہ بچے ساری زندگی باپ کی شفقت سے محروم رہیں گے ان کا کیا قصور تھا؟

WhatsApp
Get Alert