حکومت نے کوئٹہ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا عوامی رابطہ مہم کا اعلان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع ایگزیکٹیوز کا اجلاس پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کے زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقدہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تنظیمی سیاسی امور کا جائزہ لیا گیا اور انفرادی طورپر ضلع ایگزیکٹیوز کی سیاسی تنظیمی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کی چاروں تحصیلوں میں چند علاقائی یونٹس کے کانفرنسز کو 15جون سے قبل مکمل کرنے اور اس کے بعد تحصیل صدر،تحصیل سریاب، تحصیل سٹی اور تحصیل کچلاغ کے کانفرنسز کی تیاریاں شروع کی جائیگی۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد کرنے، ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام تمام تحصیلوں، علاقائی یونٹس اور ابتدائی یونٹس کے زیر اہتمام عوامی رابطہ مہم شروع کرنے، شمولیتی پروگراموں کے انعقاد، پارٹی کے تنظیمی سیاسی امور کو بہتر بنانے کے تمام تحصیلوں میں پارٹی کے ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی، تحصیل ایگزیکٹیوز، علاقائی ایگزیکٹیوز کے مشترکہ اجلاسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں 29جون کو سٹی تحصیل میں حاجی محمد طاہر خان ملے زئی کی رہائش گاہ پر بجے سٹی تحصیل سے منسلک 12علاقائی یونٹوں کے مشترکہ اجلاس، 30جون کو حاجی محمد عمر قریش کی رہائش گاہ پر 9علاقائی یونٹوں کے مشترکہ اجلاس، 2جولائی کو حاجی اللہ گل شمشوزئی کی رہائش گاہ پر صدر تحصیل سے منسلک 13علاقائی یونٹوں کے مشترکہ اجلاس منعقد ہوں گے۔ تینوں اجلاسوں علیحدہ علیحدہ تاریخ شام ساڑھے چار بجے منعقد ہوں گے۔ منعقدہ اجلاسوں میں پارٹی کے فیصلوں اور تنظیمی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملدر آمد کیئے جائینگے۔اور تحصیل سیکرٹری وسینئرمعاونین اور تمام علاقائی یونٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے تنظیمی سیاسی سرگرمیوں اور اجلاسوں کے رپورٹ کی رجسٹرڈ کاپی اپنے ہمراہ لائیں گے۔ جبکہ ضلع کوئٹہ کی سطح پر اطلاعات کمیٹی اور مالیات کمیٹی کے اجلاس بھی ضلع کمیٹی کے اجلاس فوراً منعقد کیئے جائینگے۔ اجلاس میں پارٹی رہنماؤں نے ضلع کوئٹہ میں شدید بدامنی، چوری، ڈکیتی، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، گیس کی لوڈشیڈنگ وپریشر کی سخت کمی،فارم 47کے جعلی نمائندوں کی لوٹ مار، شہر کوکھنڈرات میں تبدیل کرکے عوام کو مسائل سے دوچار کرنے کی دانستہ اقدامات ، روزگار، امن کو ختم کرکے نوجوانوں کو بدامنی، منشیات کی جانب دھکیلنے جیسے ناروا عملیات کی نشاندہی کی گئی اور اس پر نااہل، مسلط حکومت کے عوام دشمن اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کارکن پارٹی کے آئین ومنشور اورنظم وضبط کے پابند ہوں گے، سوشل میڈیا پر غیر سیاسی بحث، مباحثوں، منفی پوسٹوں، غیر ضروری مہم میں حصہ لیکر اپنا قیمتی وقت ضائع نہ کریں، بعض نامعلوم اور فیک اکاؤنٹس سے پارٹی پرچم اور مختلف ناموں سے بنائے گئے اکاؤنٹس جو کہ غیر سیاسی اور منفی مہم میں ملوث ہیں ان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ پارٹی کارکنوں کی تربیت ہر فورم پر کی جاتی ہے اور مثبت انداز میں سوشل میڈیا کا استعمال اور اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی اور پارٹی کے قومی سیاسی جمہوری پروگرام کو ہر فرد تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار اد اکرے۔ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا ماہانہ اجلاس یکم جولائی 2026بروز بدھ شام 4بجے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں طلب کیاگیا ہے۔ اور تمام اراکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں بروقت اور لازمی شرکت کو یقینی بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert