وینزویلا زلزلہ: میچ کی تیاری میں مصروف ارجنٹینا کے معروف فٹبالر کی بیوی اور بچے ہلاک

وینزویلا(قدرت روزنامہ)وینزویلا میں چند روز قبل آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ارجنٹینا کے نامور مقامی فٹبالر لوکاس تریخو کی اہلیہ اور 2 بچے بھی ہلاک ہوگئے۔
لوکاس تریخو کلب کی جانب سے جاری بیان میں اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے فٹبالر اور ان کے اہلِخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور 2 بچے آرون تریخو اور آئینہوا تریخو ساحلی علاقے پلایا گراندے میں موجود تھے جہاں ان کی رہائشی عمارت منہدم ہو گئی۔
واقعے کے بعد فٹبالر کے بیوی بچے لاپتہ ہو گئے تھے تاہم امدادی ٹیموں نے بعد میں تینوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو اپنی ٹیم کے ساتھ دارالحکومت کراکاس میں آئندہ میچ کی تیاری میں مصروف تھے، انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ اور بچوں کی تلاش کے لیے عوام سے دعا اور مدد کی اپیل بھی کی تھی۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق وینزویلا میں 24 جون کو آنے والے زلزلوں سے تقریباً 6.76 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ تقریباً 1500 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ہزاروں افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
