لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب کے تعلیمی ادارے کھلنے سے متعلق حتمی اعلان ہو گیا . وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام اسکول جن میں 6 جنوری 2022 تک موسم سرما کی تعطیلات تھیں وہ کل 7 جنوری 2022 کو کھلیں گے .
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے طلباء اور اساتذہ کو اسکول میں واپس خوش آمدید کہتے ہیں .
مراد راس نے درخواست کی کہ براہ کرم حکومت کی طرف سے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عمل کریں .
خیال رہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں مزید اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا . پنجاب میں تعلیمی ادارے 6 دسمبر بروز جمعہ سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے .
سیکریٹری سکولز ایجوکیشن کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں تعطیلات میں اضافہ کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، جبکہ ہفتہ وار 3 تعطیلات کا سلسلہ جاری رہے گا .
ہفتہ وار 3 تعطیلات کو سلسلہ 15 جنوری تک جاری رہے گا . واضح رہے کہ اس سے قبل موسم سرما کی چھٹیاں 6 جنوری سے 13 جنوری تک بڑھانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا . یاد رہے کہ اس سے قبل آزاد کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں اضافہ کیا گیا تھا . آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث موسم کی شدت مزید بڑھ گئی ،برف باری کے باعث مختلف علاقوں میں زمینی رابطہ منتطع ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں .
آزاد کشمیر میں بھی شدید سردی سے نظام زندگی متاثر ہو رہا ہے . آزاد کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث کشمیری حکومت نے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا . حکومتی اعلان کے مطابق تعطیلات میں پانچ روز کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد سرکاری و نجی تعلیمی ادارے 8 جنوری تک بند رہیں گے . واضح رہے کہ کشمیر سمیت ملک بھر میں 3 جنوری کو سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھلنا تھے .