ڈیل سے متعلق بیان، احسن اقبال نے ڈی جی آئی ایس پی کا شکریہ ادا کر دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے۔ن لیگ ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،ڈی جی آئی پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس بات کی وضاحت کر دی۔بدھ کوایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بھی اس کی وضاحت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ضمنی انتخابات میں تواتر کے ساتھ مسلم لیگ(ن)اور اس کے بیانیے پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے موجودہ معاشی بحران کا حل فوری، صاف اور شفاف انتخابات ہیں کیونکہ 2018 کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے قائد نواز شریف کا یہ نظریہ ہے کہ پاکستان کے مسائل کو کوئی بھی ایک لیڈر، کوئی ایک جماعت اور کوئی ایک ادارہ تنہا حل نہیں کر سکتا اور پاکستان کو درپیش سیاسی، سفارتی اور معاشی چیلنجز کا حل یہی ہے کہ ہر محب وطن آئین اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ملکی سلامتی اور ملکی مفادات کے ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے جامع سیاست کرے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے انتہائی اہم پریس کانفرنس کی۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق کہا کہ نوازشریف سے متعلق سب قیاس آرائیاں ہیں، کچھ عرصے پاکستان کے اداروں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ ہم ایسی تمام سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ ہیں، اگر کوئی ڈیل کی بات کررہا ہے تو اس سے کہیں تفصیلات بھی بتائے۔ ڈیل کے حوالے سے باتیں من گھڑت اور قیاس آرائیاں ہیں، یہ سب افواہیں ہیں جتنا کم ڈسکس کیا جائے ملک کے مفاد میں بہتر ہے۔