حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام، ہنہ اوڑک کے عوام اپنے وسائل کے اصل وارث ہیں،نصراللہ خان زیرے

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری مالیات محمد یوسف خان کاکڑ، صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے ، ضلعی مالیات سیکرٹری باچاخان کاکڑ، ہنہ اوڑک کے علاقائی سیکرٹری ہدایت افغان، سینئر معاون سیکرٹری ملک ناصر خان اور پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں و کارکنوں نے ہنہ اوڑک میں جاری احتجاجی دھرنے کا دورہ کیا اور متاثرہ عوام و مظاہرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب ہنہ اوڑک کے علاقے کلی ببری میں مسلح جتھوں کی جانب سے حملہ کرکے شدید فائرنگ کی گئی، جس کے خلاف آج ہنہ اوڑک چوک پر ایک بڑے احتجاجی دھرنے کا انعقاد کیا گیا۔ احتجاجی دھرنے میں ہزاروں افراد نے شرکت کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کی ابتر صورتحال، بڑھتی ہوئی بدامنی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں حکومتی ناکامی کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیڑی نے کہا کہ اس وقت پورا صوبہ، بالخصوص جنوبی پشتونخوا، بدترین امن و امان کی صورتحال سے دوچار ہے اور عوام کی جان، مال، عزت اور بنیادی حقوق کہیں بھی محفوظ نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت پورے صوبے، خصوصاً جنوبی پشتونخوا کے مختلف علاقوں میں مسلح جتھوں، بھتہ خوروں، جرائم پیشہ عناصر اور دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز دہشت گردی، قتل و غارت گری، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، مسلح حملوں اور دیگر جرائم کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جبکہ حکومت اور متعلقہ ریاستی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی حکومت، جو عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی نہ بنا سکے، اپنی آئینی، قانونی اور اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام تصور کی جاتی ہے۔ نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ ہنہ اوڑک سمیت جنوبی پشتونخوا کے مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی بدامنی، مسلح جتھوں کی سرگرمیوں اور عوام میں پائی جانے والی بے چینی انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر مؤثر، فیصلہ کن اور جامع اقدامات کرتے ہوئے مسلح جتھوں، دہشت گرد عناصر اور بھتہ خور گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنہ اوڑک کے عوام اپنی سرزمین، قدرتی وسائل، پانی اور معدنیات کے اصل وارث اور مالک ہیں، اور ان کے آئینی، قانونی اور قومی حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی عوام کے قومی، سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق کے تحفظ، امن کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی ۔ آخر میں پارٹی رہنماؤں نے ہنہ اوڑک کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کلی ببری واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔
