ہنہ اوڑک دھرنا کامیاب مذاکرات کے بعد ختم، عوام کا تحفظ یقینی اور دہشتگردوں کو فیصلہ کن جواب دیں گے، بخت محمد کاکڑ، بابر یوسفزئی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے ہنہ اوڑک میں احتجاجی دھرنے کے شرکا سے مذاکرات اور خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت ہر صورت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی .انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کو حکومت کی اولین ترجیح حاصل ہے اور دہشت گردوں کو ہر محاذ پر مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ہنہ اوڑک کے عوام کی جرات، بہادری اور دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مقامی لوگوں نے خوارج کے ناپاک عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں صوبائی وزیر صحت اور معاون برائے وزیر داخلہ بابر یوسفزئی نے احتجاجی شرکا سے ملاقات کے دوران ان کے مطالبات سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا۔
کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاجی شرکا نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا، جس کے بعد بند شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور آمدورفت معمول کے مطابق بحال ہو گئی۔صوبائی حکومت نے اس موقع پر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

WhatsApp
Get Alert