راولپنڈی: قیدی وین سے حوالاتی فرار، سیکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار گرفتار


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)کہوٹہ سے راولپنڈی آنے والی قیدیوں کی وین میں ایسا ہالی ووڈ اسٹائل سین ہوا، جس نے قانون کے رکھوالوں کے ہوش اڑا دیے۔ چالاک قیدیوں نے پہلے لڑائی جھگڑے کا ڈرامہ کیا۔ وین کا دروازہ کھلتے ہی پولیس اہلکار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر بھاگ نکلے۔ 4 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ۔۔ دیگر کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کےمطابق 34 قیدیوں کو لے کر کہوٹہ کی عدالت میں پیشی کے بعد واپس اڈیالہ جیل لایا جا رہا تھا، قیدی وین سہالہ کےعلاقے میں چکیاں پوسٹ کے قریب پہنچی تو ملزمان لڑائی جھگڑے کا ڈرامہ کرنے لگے۔
شور شرابا سن کر ڈرائیور نے گاڑی روکی اور پولیس اہلکار نے وین کا گیٹ کھولا، دورازہ کھلتے ہی ملزمان نے اہلکار کی آنکھوں میں مرچیں ڈالیں اور وین سے چھلانگیں لگا دیں۔ وین ڈرائیور اور انچارج نے تعاقب کر کے قریب سے 4 ملزمان کو دوبارہ دھر لیا جبکہ بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔
سی پی او راولپنڈی نے سنگین واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مفرور حوالاتیوں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، ایس پی آپریشنز فوری موقع پر پہنچے اور سرچ آپریشن کی نگرانی شروع کر دی۔ مفرورملزمان کے خلاف قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔
وین کے ساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات 5 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیرحراست اہلکاروں کے موبائل فونز،کال ریکارڈ کی جانچ پڑتال شروع کردی گئی۔

WhatsApp
Get Alert