پی آئی اے کی نجکاری مکمل ہونے پر وفاقی حکومت نے انتظامی اختیار خریدار کنسورشیم کو منتقل کردیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری مکمل ہونے پر انتظامی اختیار خریدار کنسورشیم کو منتقل کردیا، عارف حبیب کنسورشیم نے پی آئی اے میں80ارب کی خطیرسرمایہ کاری کی، خریدار کنسورشیم پی آئی اے کے بقیہ 5 فیصد شیئرز خریدنے کا تحریری عندیہ دے چکا ہے۔ اےآروائی نیوز کے مطابق نجکاری کمیشن پاکستان نے پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں پہلی فنانشل کلوزنگ مکمل کرلی، اس کے بعد انتظامی کنٹرول منتقل کیا گیا۔
نجکاری کمیشن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 29 جنوری 2026 کو ہونے والے شیئر خریداری معاہدے کی تمام شرائط غیر معمولی طور پر کم مدت میں مکمل کر لی گئی ہیں جس کے بعد پی آئی اے سی ایل کا انتظامی اختیار باضابطہ طور پر خریدار کنسورشیم کو منتقل کر دیا گیا ہے۔کمیشن کے مطابق خریدار کنسورشیم اب تک حکومت پاکستان کو 10 ارب روپے ادا کر چکا ہے جب کہ پی آئی اے میں 80 ارب روپے کی نئی سرمایہ کاری بھی کی جا چکی ہے۔ نجکاری کمیشن کے مطابق آئندہ ایک سال کے دوران دوسری فنانشل کلوزنگ تک کنسورشیم مزید 45 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، اس کے علاوہ بقیہ 25 فیصد حصص کی خریداری کی صورت میں حکومت پاکستان کو مزید 45 ارب روپے کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert