فوج میں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ وہ خود کو غیر جانبدار رکھیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ وہاں یہ بات کہی جا رہی ہے کہ وہ خود کو غیر جانبدار رکھیں۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خانیوال اور پشاور کے انتخابات میں مداخلت نہیں ہوئی،ادارے غیر جانبدار ہوں تو حکومت ایک ماہ میں اپنے بوجھ سے گر جائے گی۔
راناثناء اللہ نے مزید کہا نوازشریف کسی انڈر اسٹیڈنگ کے لیے نہ کسی سے گفتگو کر رہے ہیں نہ ایسی کسی انڈر اسٹینڈنگ کے نتیجے میں ملک میں کوئی تبدیلی چاہتے ہیں۔جبکہ اسی حوالے سے بدھ کوایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) ڈیل کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور ہماری ڈیل صرف عوام کے ساتھ ہے، میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے بھی اس کی وضاحت کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ضمنی انتخابات میں تواتر کے ساتھ مسلم لیگ(ن)اور اس کے بیانیے پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک کے موجودہ معاشی بحران کا حل فوری، صاف اور شفاف انتخابات ہیں کیونکہ 2018 کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے انتہائی اہم پریس کانفرنس کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق کہا کہ نوازشریف سے متعلق سب قیاس آرائیاں ہیں، کچھ عرصے پاکستان کے اداروں کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ ہم ایسی تمام سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ ہیں، اگر کوئی ڈیل کی بات کررہا ہے تو اس سے کہیں تفصیلات بھی بتائے۔ ڈیل کے حوالے سے باتیں من گھڑت اور قیاس آرائیاں ہیں، یہ سب افواہیں ہیں جتنا کم ڈسکس کیا جائے ملک کے مفاد میں بہتر ہے۔