ملک میں عملاً مارشل لاء نافذ ہے، عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی ہی ملک کو بچا سکتی ہے، پی ٹی آئی اور پشتونخوامیپ کا مشترکہ مطالبہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ سطحی وفد کا کوئٹہ میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد ۔ وفد میں رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان ، رکن قومی اسمبلی تاج محمد خان ، چارسدہ ایم این اے سہیل خان ،جنوبی وزیرستان ایم این اے زبیر خان وزیر ، ساجد خان مومند ، تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر دائود شاہ کاکڑ، صوبائی صدر انصاف لائرزفورم عبدالسلام آغا، نجیب خان خروٹی ، گل اکبر دومڑایڈووکیٹ، اعجاز احمد ، جان بلوچ، خورشید کاکڑ، نور خان اچکزئی، آئی ایس ایف کے عہدیداروں اور ذمہ داران کی بڑی تعداد شامل تھیں۔
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ استقبال میں پشتونخوامیپ کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرئوف لالا ، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، صوبائی صدر عبدالقہارخان ودان ، مرکزی سیکرٹری ایڈووکیٹ حبیب ناصر ایڈووکیٹ، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات نصیر ننگیال ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز حضرت عمر ایڈووکیٹ، ملک عمر کاکڑ، اقبال خان بٹے زئی ، حفیظ ترین، صورت خان کاکڑ، نظام عسکر پارٹی کے دیگر ضلعی رہنمائوں اعظم کاکڑ، نصیب اللہ نیازی ، نعیم اچکزئی ، نقیب پامیر ،ملک انور بڑیچ اور بڑی تعداد میں کارکن شامل تھے۔
اس موقع پر دنوں جانب سے موجودہ عالمی، خطے ، ملکی سیاسی حالات ، ملکی معاشی سیاسی ، آئینی ،عدالتی ، معاشرتی اخلاقی بحرانوں اور ملک کے طول وعرض میں عوام کو درپیش شدید مشکلات ، تکالیف ، صوبوں کے درمیان وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم ، پشتونخوا وطن پر مسلط دہشت گردی ، بدامنی ، بیروزگاری ، افغانستان اور ایران کے ساتھ پشتونوں وبلوچوں کے کاروبار کی ناروا بندش ، اقوام کی معاشی قتل عام کے ساتھ ساتھ پشتون بلوچ صوبے کی تاریخی ماضی جغرافیہ آبادی مسائل اور وسائل پر تفصیلی بحث ومباحثہ اور معلومات کا تبادلہ کیا گیا ۔
ملاقات میں دونوں پارٹیوں نے عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا اور ان کو داد تحسین پیش کیا کہ انہوں نے ڈٹ کر ملک کے آئین کو اپنی اصل حالت میں بحالی ، جمہورکی حکمرانی قائم کرنے، پارلیمنٹ کی خودمختاری کو تسلیم کرنے، ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی جمہوری فیڈریشن بنانے کے لیے اپنی قومی ملکی آئینی جمہوری ذمہ داری پوری کرنے اور اس طرح ملک کے بحرانوں کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے ۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت عملاً مارشل لاء نافذ ہے ، عمران خان اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کی آزادی اور سیاست میں ان کا عملاً کردار ہی اس ملک اور خطے کو بچا سکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ہمارے مشر ہیں ہمارے لیے قابل احترام وقابل عزت ہے ۔ اُن سے بہت کچھ ہمیں سیکھنے کو مل رہا ہے اور جس انداز میں انہوں نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے حقیقی سیاسی جمہوری جماعتوں کا اتحاد بناکر ملک کے کرورڑوں عوام کی نمائندگی کی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔
ہمیں آگے بھی تمام چیلنجز کا خاتمہ اکھٹے مل کر کرنا ہے اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے نفاذ تک ڈٹ کے کھڑے رہنا ہوگا۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرئوف لالا ، مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال اور عبدالقہار خان ودان نے کہا کہ پشتونخوامیپ اور اس کی پرافتخار رہبر جناب محمود خان اچکزئی نے ایسے وقت میں تحریک انصاف کا ساتھ دیا جب ملک میں انتخابات میں زر اور زور اور بندوق کے نوک پر چھینے گئے عوامی رائے کو یکسر تبدیل کیا گیا اور غیر حقیقی نمائندوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ۔
ملک میں آئین کی بالادستی ، جمہور کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی خودمختاری ، قوموں کی برابری کے حقیقی فیڈریشن کے راستے میں رکاوٹیں اور مسلط فارم 47حکومت کے ذریعے ملک کے داخلہ وخارجہ پالیسیاں مکمل ناکامی سے دوچار ہیں۔ پشتونخواوطن پشتون بلوچ صوبے میں بدامنی ، دہشت گردی کے مسلسل واقعات دراصل یہاں کے باشندوں کو نقل مکانی پر مجبور کرنے ان کی تاریخی، زمینیں قبضہ کرنے کی حکومتی پالیساں ہیں کیونکہ یہاں سب کچھ حکومتی سرپرستی میں ہورہا ہے تاکہ اس وطن میں موجود تمام قدرتی وسائل کا سودا کرکے یہاں کے عوام کو اس سے بیدخل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بانی ورہبر عمران خان اپنے سیاسی آئینی جمہوری اور قانونی موقف اور ملک کو سنوارنے وجمہوری ٹریک پر ڈالنے کے لیے مسلسل قید وبند کے مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔پشتونخوامیپ کے رہنمائوں نے تمام مہمانوں کوخان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی سوانح عمری پیش کی اور پرتکلف عصرانہ دیا ۔
